نئی دہلی،کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے قبل 250 سے زائد ٹرینیں منسوخ، 57 میٹرو اسٹیشن بند

کروچ جنتا پارٹی کی جانب سے بڑے احتجاج کی کال کے بعد نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات

October 10, 2026 · بام دنیا
نئی دہلی ، کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے قبل 250 سے زائد ٹرینیں منسوخ، 57 میٹرو اسٹیشن بند

نئی دہلی ، کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے قبل 250 سے زائد ٹرینیں منسوخ، 57 میٹرو اسٹیشن بند

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے قبل سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ احتجاج کے پیش نظر نئی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشنوں سے آنے اور جانے والی 250 سے زائد ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ دہلی میٹرو کے 57 اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریلوے بورڈ کے فیصلے کے تحت 9 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے کے بعد ابتدائی اسٹیشنوں سے روانہ ہونے والی مسافر ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ 10 اکتوبر کو صبح 4 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان نئی دہلی یا حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پہنچنے والی ٹرینیں بھی منسوخ رہنے کا بتایا گیا ہے۔

نوجوانوں کی قیادت میں سرگرم کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے بڑے احتجاج کی کال کے بعد نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ مظاہرین انتخابی اصلاحات اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان پر ووٹر فہرستوں میں مبینہ ردوبدل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ گیانیش کمار نے استعفے کے مطالبے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پولیس کے مطابق احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی۔ مظاہرے کے مجوزہ مقام جنتر منتر کی جانب جانے والی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کرنے کی اطلاع ہے۔ شہر میں دفعہ 163 نافذ کیے جانے کے ساتھ 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ٹرینوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریلوے کے سابق عہدیداروں، مسافروں کی تنظیموں اور ملازمین کی یونینوں نے بھی اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش پریشانیوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔