آسٹریلیا کا روسی ایندھن خریدنے سے انکار، پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان
آسٹریلیا نہیں چاہتا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ سے کسی قسم کا معاشی فائدہ حاصل کریں۔کرس بوون
آسٹریلیا کا روسی ایندھن خریدنے سے انکار، پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان
آسٹریلیا نے روس سے ایندھن کی خریداری پر عائد پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کو روسی ایندھن کی ضرورت نہیں۔ آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یوکرین پر حملے کے تناظر میں روس کو مزید معاشی فائدہ حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و توانائی کرس بوون نے ہفتے کے روز مغربی سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا نہ روسی ایندھن خریدنا چاہتا ہے اور نہ ہی اسے اس کی ضرورت ہے۔
کرس بوون کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نہیں چاہتا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ سے کسی قسم کا معاشی فائدہ حاصل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا روسی ایندھن کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے، وہ اس کا اپنا معاملہ ہے، تاہم آسٹریلیا اپنی موجودہ پالیسی تبدیل نہیں کرے گا۔
یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روسی ڈیزل سے متعلق اقدام کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ وہ روس سے ایندھن کی خریداری پر پابندی ختم کرنے کے بجائے اسے برقرار رکھے گا۔
آسٹریلوی وزیر کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت امریکا کے ممکنہ فیصلوں سے قطع نظر روسی ایندھن کے معاملے پر اپنے موجودہ مؤقف پر قائم رہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔