پشاور میں ریڈ زون سیل، اہم شاہراہیں بند،مردان اور مالاکنڈ میں موبائل سروس معطل
یہ اقدامات پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور ممکنہ احتجاج کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔
پشاور میں اہم شاہراہیں بند،ریڈ زون سیل،ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پشاور میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر کنٹینرز لگا کر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ دوسری جانب مردان، بٹ خیلہ، مالاکنڈ اور گردونواح کے علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں اسمبلی چوک سے تہکال تک راستہ بند کر دیا گیا ہے، جبکہ خیبر روڈ اور امن چوک پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ اسی طرح صدر سواتی پھاٹک سے گلبرگ چوک اور باچا خان چوک سے شیر شاہ سوری پل تک کے راستے بھی بند کیے گئے ہیں۔ کبابیان چوک سے مچنی چنکی جانے والے راستے پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات کے تحت مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ کنٹینرز اور دیگر رکاوٹوں کے ذریعے اہم شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق مردان، بٹ خیلہ، مالاکنڈ اور ان کے آس پاس کے علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر یا معطل ہے۔ تاہم سروس کی بندش کے دورانیے اور بحالی سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بند سڑکوں کی جانب جانے سے گریز کریں، سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کریں اور پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔