خیبر پختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پراکھاڑ پچھاڑ، 18 افسران تبدیل
بعض افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
پشاور:خیبر پختونخوا پولیس میں اعلیٰ سطح پر اکھاڑ پچھاڑ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے 18 افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
احکامات کے تحت مختلف ریجنز، ضلعی پولیس اور سنٹرل پولیس آفس میں افسران کی ذمے داریوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، جبکہ بعض افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔
جاری کردہ احکامات میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر فصیح الدین کو آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا کے عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لیفٹیننٹ (ر) ناصر محمود ستی کو کمانڈنٹ ایف آر پی خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ہمایوں مسعود سندھو کو ڈی آئی جی لیگل خیبر پختونخوا کے عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سید فدا حسن شاہ کو ڈی آئی جی آپریشنز خیبر پختونخوا مقرر کر دیا گیا ہے۔
جہانزیب نذیر خان کو کمانڈنٹ ایف آر پی کے عہدے سے تبدیل کرکے آر پی او ہزارہ ریجن تعینات کیا گیا ہے، عرفان طارق کو آر پی او کوہاٹ ریجن کے عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شاکر حسین داوڑ کو ڈی آئی جی آپریشنز کے عہدے سے تبدیل کرکے آر پی او کوہاٹ ریجن مقرر کر دیا گیا ہے، زاہد نواز کو آر پی او ملاکنڈ ریجن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
ضلعی پولیس میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، عمران خان کو ڈی پی او کرک کے عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ نیاز محمد کو ایس پی انویسٹی گیشن کوہاٹ کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی پی او کرک تعینات کر دیا گیا ہے۔
محمد اظہر کو ڈی پی او مانسہرہ کے عہدے سے تبدیل کرکے اے آئی جی آپریشنز، سنٹرل پولیس آفس خیبر پختونخوا مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محمد وقاص خان کو ایس ایس پی سی ٹی ڈی سینٹرل مردان و مہمند کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی پی او مانسہرہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
سوات میں محمد جمیل اختر کو ایس پی انویسٹی گیشن سوات کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی پی او سوات تعینات کیا گیا ہے، جبکہ مشتاق احمد کو ڈی پی او سوات کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی ایلیٹ فورس پشاور ریجن مقرر کر دیا گیا ہے۔
محمد خالد کو اے آئی جی لاجسٹکس، سنٹرل پولیس آفس پشاور کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی پی او لوئر چترال تعینات کیا گیا ہے جب کہ ریشم جہانگیر کو ڈی پی او لوئر چترال کے عہدے سے تبدیل کرکے اے آئی جی لاجسٹکس، سنٹرل پولیس آفس پشاور مقرر کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں شفیع اللہ کو ڈی پی او ہری پور کے عہدے سے تبدیل کرکے سنٹرل پولیس آفس پشاور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تیمور خان کو اے آئی جی آپریشنز، سنٹرل پولیس آفس کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈی پی او ہری پور تعینات کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے جاری کردہ احکامات کے مطابق تبادلوں اور تقرریوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، ان انتظامی تبدیلیوں کے ذریعے صوبے کے مختلف پولیس ریجنز، اضلاع اور مرکزی دفتر میں افسران کی نئی ذمے داریاں متعین کر دی گئی ہیں۔