گورنر راج، ایمرجنسی اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کےخلاف پی ٹی آئی پشاور کا آج احتجاج کا اعلان
احتجاج ہشتنگری جی ٹی روڈ، پشاور پر دن 12 بجے کیا جائے گا، بیان
فائل فوٹو
پشاور: ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف پشاور عرفان سلیم نے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف آج بروز پیر 12 اکتوبر کو پشاور میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
جاری بیان کے مطابق احتجاج ہشتنگری جی ٹی روڈ، پشاور پر دن 12 بجے کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ احتجاج وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی، صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر خان، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور دیگر پارٹی قیادت و کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ہوگا۔ واضح رہے کہ ابھی حکام نے ان گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
عرفان سلیم نے پشاور کے عوام، پارٹی کارکنان، تنظیمی عہدیداران، پارلیمنٹیرینز اور ٹکٹ ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج پُرامن ہوگا اور اس کا مقصد گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ اور پارٹی قیادت کے خلاف کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
بیان پاکستان تحریک انصاف، ضلع پشاور کی جانب سے جاری کیا گیا۔