محمود اچکزئی کی اپوزیشن رہنماؤں کو فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت
سیاسی صورتحال پر اجلاس طلب، لائحہ عمل طے ہوگا
محمود خان اچکزئی اور اپوزیشن رہنما سیاسی صورتحال پر مشاورت کر رہے ہیں۔
تحریکِ تحفظِ آئین کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے الائنس میں شامل تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن الائنس کے اس اہم اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن اتحاد کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو تمام فورمز پر بھرپور سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق رہنماؤں کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی اور پارلیمانی فورمز کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی سیاسی جدوجہد کی جائے گی۔ محمود خان اچکزئی کے احکامات کے بعد تحریک انصاف کے ارکان عدالتی فورم کا بھرپور استعمال کریں گے۔ سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشمکش اور خیبر پختونخوا کے حالات کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد نے اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔