لاہور ہائی کورٹ بار کا خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کو چیلنج کرنے کا اعلان
منگل کو کراچی بار میں وکلا ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جہاں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔بابر مرتضیٰ
فائل فوٹو
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا میں نافذ ایمرجنسی اور گورنر راج کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بابر مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ’لاہور ہائی کورٹ بار غیر قانونی اقدام کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں درخواست دائر کر رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ منگل کو کراچی بار میں وکلا ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جہاں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے اسلام آباد سے رکاوٹوں کے لیے لگائے گئے کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کم ہوں گی۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں متعدد مقامات پر کنٹینرز رکھ کر راستے بند کر دیے گئے تھے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ انھیں امید ہے کہ دوبارہ شہر میں کنٹینرز لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔