جنگ میں بے گھر لبنانیوں کے لیے حزب اللہ کا 14 ہزار ڈالر تک امداد کا اعلان
امریکہ اور لبنان کی جانب سے تنظیم پر پابندیاں عائد ہیں۔
فائل فوٹو
بیروت: حزب اللہ نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ میں اپنے گھر کھو دینے والے لبنانی شہریوں کی مدد کرے گی، یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکہ اور لبنان کی جانب سے اس تنظیم پر پابندیاں عائد ہیں۔
اس پروگرام کے تحت امداد کی زیادہ سے زیادہ حد فی گھرانہ 14 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک پریس کانفرنس کے دوران حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین علی داموش نے اعلان کیا کہ بیروت اور اس کے جنوبی مضافات کے رہائشیوں کو فی گھرانہ 14 ہزار ڈالر جبکہ دیگر علاقوں کے رہائشیوں کو 12 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
داموش نے کہا کہ یہ امداد ان بے گھر افراد کو دی جائے گی جن کے گھر تباہ ہو چکے ہیں یا رہائش کے قابل نہیں رہے، اور ساتھ ہی جنوبی لبنان کے ان علاقوں کے رہائشیوں کو بھی دی جائے گی جو اسرائیل کے زیرِ قبضہ ہیں، بشرطیکہ ان کے پاس دوسرا گھر نہ ہو۔
واضع رہے اسرائیل کے ساتھ جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے لبنانیوں کی مدد کے لیے تہران سے حزب اللہ کو 20 کروڑ ڈالر بھیجے گئے ہیں۔