سعودی عرب میں تیل کمپنی کی عمارت پر حوثیوں کا حملہ،4 افراد زخمی

میزائلوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے روک لیا گیا، تاہم ملبہ گرنے کے باعث رہائشی املاک متاثر ہوئیں،حکام

October 14, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب میں تیل کمپنی کی عمارت پر حوثیوں کا حملہ،4 افراد زخمی

سعودی عرب میں تیل کمپنی کی عمارت پر حوثیوں کا حملہ،4 افراد زخمی

سعودی عرب میں میزائل حملوں کے دوران مشرقی شہر الظہران میں تیل کمپنی کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں محدود پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ دوسری جانب ریاض میں میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کے بعد ان کا ملبہ گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 15 مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے الظہران کی جانب داغا گیا حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کردیا۔

سعودی وزارت توانائی کے مطابق الظہران میں تیل کمپنی کی ایک عمارت بھی حملے کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگی۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر سعودی سول ڈیفنس کے مطابق دارالحکومت ریاض میں دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔ ان کا ملبہ گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 رہائشی مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ میزائلوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے روک لیا گیا، تاہم ملبہ گرنے کے باعث رہائشی املاک متاثر ہوئیں۔ حملوں سے ہونے والے مجموعی نقصان اور دیگر تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آئیں۔