مغربی بنگال کی سابق وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی پر چاقو سے حملے کی کوشش نا کام
یہ واقعہ کولکتہ کے علاقے کالی گھاٹ میں ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے قریب شام تقریباً چھ بجے پیش آیا
مغربی بنگال کی سابق وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی پر چاقو سے حملے کی کوشش نا کام
بھارتی ریاست مغربی بنگال کی سابق وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی پر ان کی رہائش گاہ کے قریب مبینہ طور پر چاقو سے حملے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد ایک خاتون کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممتا بنرجی کی جماعت نے الزام عائد کیا ہے کہ منگل کی شام ایک خاتون نے ان پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے اپنے بیان میں چاقو سے حملے کی کوشش کی تصدیق نہیں کی اور واقعے کو تلخ کلامی کا معاملہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کولکتہ کے علاقے کالی گھاٹ میں ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے قریب شام تقریباً چھ بجے پیش آیا۔ وہ ایک مذہبی تقریب کے لیے گھر سے باہر نکل رہی تھیں کہ اسی دوران ان کا ایک خاتون سے سامنا ہوا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
ممتا بنرجی کی جماعت کی جانب سے پولیس کو دی گئی شکایت میں خاتون کی شناخت تنشٹھا ساہا کے نام سے کی گئی ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ خاتون نے خود کو ممتا بنرجی کی بھتیجی ظاہر کیا، نازیبا زبان استعمال کی اور ان کے حفاظتی حصار میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جماعت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ خاتون کے پاس چاقو موجود تھا۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام موقع پر موجود ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لینے کے ساتھ خاتون سے پوچھ گچھ بھی کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل صورتحال اور اس کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔