پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے والا روبوٹ تحویل میں لے لیا
حکام نے روبوٹ کے 16 سالہ مالک اور اس کے 19 سالہ ساتھی کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔
فوتو سوشل میڈیا
کولون: جرمنی کے شہر کولون میں فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کے باہر 4 فٹ لمبے سرخ اور سنہری رنگ کے ہیومنائڈ روبوٹ کی جانب سے 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور نازیبا حرکات کرنے کے واقعے پر پولیس نے روبوٹ قبضے میں لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ ہفتے کی رات تقریباً 12 بجے سے کچھ دیر قبل پیش آیا، روبوٹ لڑکی کے قریب پیچھے سے آیا، اسے چھوا اور نازیبا حرکات کرنے لگا، جس پر لڑکی چیخ کر وہاں سے ہٹ گئی۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے واقعے کے کچھ دیر بعد روبوٹ ایک گاڑی کی ڈگی میں چھپایا ہوا پایا، جسے قبضے میں لے لیا گیا جبکہ دو موبائل فون بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
.jpg)
حکام نے روبوٹ کے 16 سالہ مالک اور اس کے 19 سالہ ساتھی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں، دونوں مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر واقعے کی لائیو نشریات کر رہے تھے اور اس پر تبصرے بھی کر رہے تھے۔
تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ہیومنائڈ روبوٹ کو دور سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔
اس سے قبل سامنے آنے والی لائیو ویڈیوز میں بھی یہی روبوٹ جعلی مونچھوں، سنہری چین اور سفید بنیان کے ساتھ عوامی مقامات پر خواتین کی جانب نازیبا حرکات کرتا دکھائی دیا تھا۔