امریکا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود 2 ہزار پروازیں منسوخ اور ہزاروں مسافر پھنس گئے

پیشہ ورانہ اور کالجوں کی کھیلوں کی ٹیموں کو بھی اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے

November 14, 2026 · بام دنیا
امریکا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود 2 ہزار پروازیں منسوخ اور ہزاروں مسافر پھنس گئے

امریکا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود 2 ہزار پروازیں منسوخ اور ہزاروں مسافر پھنس گئے

امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں اچانک شدید تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشنز بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق ملک بھر میں فضائی آمدورفت چار گھنٹے سے زائد وقت کے لیے معطل رہی، جسے بعد میں مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب امریکا میں ملک گیر سطح پر فضائی آپریشنز اس طرح معطل کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس اور حکومتی بریفنگز کے مطابق اس بحران کے دوران دنیا بھر میں 26 ہزار سے زائد پروازیں التوا کا شکار ہوئیں جبکہ تقریباً 3 ہزار سے 5 ہزار پروازیں منسوخ اور 10 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس صورتحال کے باعث 15 لاکھ سے زائد مسافروں کو ایئرپورٹس پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی مارک وین مولن نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فضائی تعطل کی بنیادی وجہ پرانا ہارڈویئر اور مواصلاتی آلات پر ڈیٹا کا حد سے زیادہ دباؤ تھا، جس کے باعث سوئچز اور راؤٹرز بند ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا کے پاس اب بھی 1980 کی دہائی کے پرانے سوئچز اور راؤٹرز موجود ہیں جو بڑھتے ہوئے ڈیٹا کو سنبھالنے کے قابل نہیں رہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے صحافی پیٹر ڈوسی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بظاہر یہ معاملہ کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق نہیں لگتا، اور حکام تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اس واقعے کا مائیکروسافٹ یا کسی سائبر حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ کوئی سکیورٹی خطرہ تھا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کانگریس سے فضائی نظام کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن کے لیے 50 ارب ڈالر کی ہنگامی فنڈنگ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے فرسودہ نظام کو مستقل طور پر درست کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق فضائی آپریشنز کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں ابھی مزید چند روز کا وقت درکار ہوگا۔