صارفین کی تصاویر تک رسائی کا معاملہ، میٹا پر 805 ملین یورو جرمانہ

کمپنی صارفین سے فوٹو گیلری تک رسائی کی عمومی اجازت تو حاصل کرتی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کرتی تھی کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو تجاویز تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ریگولیٹری ادارے

November 15, 2026 · بام دنیا
صارفین کی تصاویر تک رسائی کا معاملہ، میٹا پر 805 ملین یورو جرمانہ

صارفین کی تصاویر تک رسائی کا معاملہ، میٹا پر 805 ملین یورو جرمانہ

اٹلی کے ڈیٹا تحفظ کے ادارے نے صارفین کی اجازت کے بغیر ان کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کرنے کے معاملے پر ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر 805 ملین یورو کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے، جو تقریباً 887 ملین امریکی ڈالر بنتے ہیں۔

اطالوی ریگولیٹر کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے تقریباً 2 کروڑ اسمارٹ فون صارفین کو واضح طور پر آگاہ نہیں کیا کہ فیس بک کے ایک مخصوص فیچر کے ذریعے ان کے موبائل فون کی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

یہ معاملہ فیس بک کے ایک ایسے فیچر سے متعلق ہے جو صارفین کی فون گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کرنے کے لیے تجاویز فراہم کرتا ہے۔

ریگولیٹری ادارے کا کہنا ہے کہ کمپنی صارفین سے فوٹو گیلری تک رسائی کی عمومی اجازت تو حاصل کرتی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کرتی تھی کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو تجاویز تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اطالوی ادارے نے میٹا کو ہدایت کی ہے کہ وہ 60 روز کے اندر اس فیچر کو خودکار طور پر بند کرے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اور واضح رضامندی حاصل کرے۔

ریگولیٹر نے جرمانے کی رقم طے کرتے ہوئے متاثرہ صارفین کی بڑی تعداد، خلاف ورزی کے جاری رہنے اور کمپنی کے مبینہ عدم تعاون کو بھی مدنظر رکھا۔

دوسری جانب میٹا نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ریگولیٹر کی جانب سے حقائق کی تشریح، قانون کے اطلاق اور جرمانے کی بھاری رقم سے اتفاق نہیں کرتی۔

میٹا کے مطابق متعلقہ فیچر صارفین کو فیس بک پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے، جسے فعال کرنے کے لیے صارفین اپنے موبائل فون سے اجازت دیتے ہیں اور وہ کسی بھی وقت اپنی اجازت تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ماہ بھی میٹا کو امریکہ میں ایک بڑے عدالتی فیصلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ امریکی ریاست نیو میکسیکو کے ایک جج نے کمپنی کو 2.5 ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کے مطابق کمپنی نے برسوں تک صارفین کو ان کے ڈیٹا کے استعمال سے متعلق گمراہ کیا تھا۔