پاکستان کی سیاحت کو دنیا سے متعارف کرانے والی مصنفہ آئزوبل شا چل بسیں
ان کی کتاب ’’پاکستان ہینڈ بک‘‘ 1989 میں شائع ہوئی، جسے تھامس کک ٹریول اینڈ گائیڈ بک ایوارڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا
پاکستان کی سیاحت کو دنیا سے متعارف کرانے والی مصنفہ آئزوبل شا چل بسیں
آئزوبل شا پہلی مرتبہ 1978 میں پاکستان آئی تھیں، جب ان کے شوہر رابرٹ شا کو فورڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے اسلام آباد میں ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ پاکستان میں قیام کے دوران انہوں نے اردو زبان سیکھی اور ہیلری ایڈمسن کے ساتھ مل کر ’’اے ٹریولرز گائیڈ ٹو پاکستان‘‘ لکھی، جو 1981 میں اسلام آباد سے شائع ہوئی۔ یہ پاکستان کے ابتدائی جدید سیاحتی رہنما کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔
ان کی کتاب ’’پاکستان ہینڈ بک‘‘ 1989 میں شائع ہوئی، جسے تھامس کک ٹریول اینڈ گائیڈ بک ایوارڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ پاکستان کے بارے میں ان کی تصویری رہنما کتاب کے پانچ ایڈیشن شائع ہوئے۔
انہوں نے اپنے بیٹے بین شا کے ساتھ مل کر 1993 میں پاکستان ٹریکنگ گائیڈ لکھی، جبکہ قراقرم اور ہندوکش کے پہاڑی علاقوں میں سیاحت اور ٹریکنگ سے متعلق ایک اور کتاب 2013 میں لاہور سے شائع ہوئی۔ پاکستان کے شمالی علاقوں پر کام کرنے والے کئی مصنفین انہیں اس موضوع کی بہترین رہنما کتابیں لکھنے والی شخصیت قرار دیتے تھے۔
آئزوبل شا نے 1990 کی دہائی میں حکومت پاکستان کے لیے سیاحت کے شعبے میں مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا اور 1993 میں کراچی میں منعقدہ پاکستان ٹورازم کنونشن سے کلیدی خطاب کیا۔
2005 کے زلزلے کے بعد انہوں نے متاثرین کے علاج، خصوصاً ہڈیوں اور جوڑوں کے طبی علاج کے لیے عطیات جمع کرنے کی غرض سے مختلف تقریبات میں خطاب کیا۔ اسی سال لندن میں پاکستان سوسائٹی نے پاکستان کے بارے میں برطانیہ میں آگاہی اور مثبت فہم پیدا کرنے کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔
ان کی آخری کتاب ’’ٹریکنگ گائیڈ ٹو دی قراقرم اینڈ ہندوکش آف ناردرن پاکستان‘‘ 2013 میں لاہور کے وینگارڈ بکس نے شائع کی۔ اسی سال وہ 70 برس کی عمر میں دوبارہ چترال بھی گئی تھیں۔
آئزوبل شا 1943 میں آئرلینڈ کے علاقے میتھ میں آئزوبل اوبرائن کے نام سے پیدا ہوئیں اور انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی کے نیونہم کالج سے تعلیم حاصل کی۔ وہ 1981 سے جنیوا کے قریب مقیم تھیں۔ پسماندگان میں تین بچے، نو پوتے پوتیاں اور نواسی نواسے اور ایک پڑنواسی شامل ہیں۔