چین کے 19 نشستوں والے برقی طیارے کی پہلی انسانی پرواز کامیاب

سی او ایم اے سی کے تیار کردہ سی ای 25 اے طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔

November 15, 2026 · بام دنیا
چین کے 19 نشستوں والے برقی طیارے کی پہلی انسانی پرواز کامیاب

چین کے 19 نشستوں والے برقی طیارے کی پہلی انسانی پرواز کامیاب

چین نے مکمل طور پر بجلی سے چلنے والے 19 نشستوں کے حامل مسافر طیارے کی پہلی انسانی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ تجرباتی پرواز 14 نومبر 2026 کو صوبہ شان ڈونگ کے شہر بنژو میں کی گئی۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق سی او ایم اے سی کے تیار کردہ سی ای 25 اے طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔ طیارے نے 16 منٹ تک پرواز کی اور اس دوران تقریباً 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

اس برقی طیارے کا وزن 10 ٹن ہے اور اس میں 19 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اسے شہروں کے درمیان مختصر فاصلے کے سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ طیارے کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ایک مرتبہ چارج ہونے پر پرواز کی حد تقریباً 400 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

انسانی عملے کے ساتھ پہلی پرواز سے قبل سی ای 25 اے نے فروری 2026 میں اپنی پہلی خودکار، بغیر پائلٹ پرواز بھی مکمل کی تھی۔ اس کے بعد طیارے کی کارکردگی اور نظام کی جانچ کے لیے 19 مزید آزمائشی پروازیں کی گئیں۔

یہ منصوبہ بیٹری بنانے والی کمپنی سی اے ٹی ایل اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو چین میں برقی ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔