دہشت گرد تنظیم کہنے پر پی ایم ایم ایل کا وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس

قانونی نوٹس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مطالبات پورے کرنے کے لیے سات روز کی مہلت دی گئی ہے

November 15, 2026 · قومی
دہشت گرد تنظیم کہنے پر پی ایم ایم ایل کا وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس

دہشت گرد تنظیم کہنے پر پی ایم ایم ایل کا وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس

پاکستان مرکزی مسلم لیگ (پی ایم ایم ایل) نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں مبینہ طور پر جماعت کو دہشت گرد، غیر قانونی اور کالعدم تنظیم قرار دینے سے متعلق بیانات واپس لینے، سوشل میڈیا سے متنازع مواد ہٹانے اور غیر مشروط عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پارٹی کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے وکلا کی ٹیم کے ذریعے بھجوائے گئے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ اور عوامی خطاب کے دوران جماعت کے خلاف ہتک آمیز بیانات دیے، جنہیں ٹی وی چینلز پر بھی بار بار نشر کیا گیا۔

قانونی نوٹس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مطالبات پورے کرنے کے لیے سات روز کی مہلت دی گئی ہے۔ پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو متعلقہ عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی، جس کے تمام اخراجات اور نتائج کی ذمہ داری مریم نواز پر عائد ہوگی۔

یہ تنازع 8 نومبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے بعد شدت اختیار کر گیا تھا۔ اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک نے 43 ہزار 365 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار ابراہیم گجر 30 ہزار 218 ووٹ حاصل کر سکے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے اپنے امیدوار کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور 50 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جماعت کی سیاسی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں کے تحت کام کر رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا مؤقف ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022 سے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔