ای سی او وزارتی اجلاس، ترکیہ، آذربائیجان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے عہدیدار اسلام آباد پہنچ گئے
ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا اسلام آباد پہنچے، جہاں دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ای سی او وزارتی اجلاس، ترکیہ، آذربائیجان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے عہدیدار اسلام آباد پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا اسلام آباد پہنچے، جہاں دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور محمدوف اور شنگھائی تعاون تنظیم کے نائب سیکریٹری جنرل احمد سعید مراد زادہ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
اس سے قبل شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارتغرول اوغلو بھی ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان اور ای سی او سیکریٹریٹ کے نمائندے شریک ہوں گے۔
وزارتی اجلاس سے پہلے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ذیلی اداروں کی کارکردگی پر غور اور وزارتی اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی سربراہی کر رہا ہے اور اس دوران ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کے عنوان سے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
پاکستان کی سربراہی میں علاقائی رابطوں اور معاشی تعاون کو فروغ دینے، شراکت داری مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔ پاکستان خود کو خطے میں تجارتی اور رسدی رابطوں کے مرکز کے طور پر بھی مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
ای سی او کے رکن ممالک میں پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، تاجکستان، ایران، ترکیہ، قازقستان، ترکمانستان، کرغزستان اور ازبکستان شامل ہیں۔