بال ٹیمپرنگ تنازع پھر شدت اختیار کر گیا،سابق آسٹریلوی بولر کا بھی’’سب کو معلوم تھا‘‘ کا دعویٰ

چاڈ سیئرز 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے، تاہم وہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں شامل نہیں تھے

November 15, 2026 · اسپورٹس
بال ٹیمپرنگ تنازع پھر شدت اختیار کر گیا،سابق آسٹریلوی بولر کا بھی’’سب کو معلوم تھا‘‘ کا دعویٰ

بال ٹیمپرنگ تنازع پھر شدت اختیار کر گیا،سابق آسٹریلوی بولر کا بھی’’سب کو معلوم تھا‘‘ کا دعویٰ

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، سابق آسٹریلوی ٹیسٹ فاسٹ بولر چاڈ سیئرز نے عثمان خواجہ کے اس مؤقف کی حمایت کر دی ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بال ٹیمپرنگ منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔

چاڈ سیئرز 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے، تاہم وہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں شامل نہیں تھے، جہاں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا گیا تھا۔

اس وقت کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں قرار دیا گیا تھا کہ ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ ہی اس منصوبے سے واقف تھے۔ تینوں کو دورے سے واپس بھیجنے کے ساتھ پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم عثمان خواجہ نے اپنی حال ہی میں شائع ہونے والی خودنوشت میں دعویٰ کیا کہ اس معاملے سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔ ڈیوڈ وارنر کے بعد اب چاڈ سیئرز نے بھی ان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

ریڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس دورے پر موجود تمام کھلاڑی جانتے تھے کہ کیا ہو رہا ہے اور گیند کے ساتھ کیا استعمال کیا جا رہا ہے۔

سیئرز نے یہ بھی کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی سینڈ پیپر استعمال کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق میدان سے سینڈ پیپر اٹھا کر لے جانے کی ذمہ داری انہیں دی گئی تھی، تاہم یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا بلکہ وہ اس وقت کھلاڑیوں کو مشروبات پہنچانے کی ڈیوٹی پر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیسٹ میچوں کے دوران ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے اور اس کے لیے استعمال ہونے والی چیزوں پر بات چیت ہوتی رہی تھی۔

دوسری جانب موجودہ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں سو فیصد غلط قرار دیا تھا۔ کمنز کے ساتھ مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن بھی 2021 میں جاری مشترکہ بیان میں اس منصوبے سے لاعلمی کا اظہار کر چکے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے ہفتے کے روز کرکٹ آسٹریلیا پر حقائق چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے علم کے مطابق تحقیقات کے دوران ہیزل ووڈ، اسٹارک اور لائن کے انٹرویوز نہیں کیے گئے تھے۔

بعد ازاں میڈیا رپورٹس میں ان کھلاڑیوں کے انٹرویوز کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں تو وارنر نے انسٹاگرام پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مؤقف یہی تھا کہ انہیں اس وقت بولرز کے انٹرویوز یا ان کے بیانات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

وارنر کے مطابق اگر انہیں تمام شواہد فراہم کیے جاتے تو 2018 میں فیصلے کرتے وقت یہ معلومات ان کے لیے اہم ثابت ہو سکتی تھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے انہیں تمام شواہد سے آگاہ کیوں نہیں کیا۔