وراثت کا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا،سپریم کورٹ
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر 106 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا
وراثت کا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا،سپریم کورٹ
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وراثتی جائیداد کے مقدمات سے متعلق مختلف عدالتی فیصلوں میں پائے جانے والے تضادات دور کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی وارث کا وراثت میں حق محض وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، بلکہ مقدمہ دائر کرنے کی مدت کا تعین اس وقت سے ہوگا جب اسے اپنے حق سے محروم کیے جانے کا علم ہوا ہو۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر 106 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے۔
فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی وارث اپنے حصے سے محرومی کے خلاف دعویٰ دائر کرتا ہے تو مقدمہ مقررہ مدت کے بعد ہی ناقابلِ سماعت قرار دیا جا سکتا ہے جب مدعا علیہ یہ ثابت کرے کہ درخواست گزار کو اپنے حق سے انکار کا علم چھ سال سے زیادہ عرصہ پہلے ہو چکا تھا۔
اسی طرح اگر کوئی وارث ایسی دستاویز منسوخ کرانے کا مطالبہ کرے جس میں وہ خود بھی فریق تھا تو اس دعوے کے لیے تین سال کی مدت لاگو ہوگی، بشرطیکہ مدعا علیہ ثابت کرے کہ درخواست گزار کو دستاویز منسوخ کرانے کی وجوہات کا علم تین سال سے زیادہ پہلے ہو گیا تھا۔
جسٹس شاہد وحید نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ وقت کسی وارث کے خلاف نہیں گزرتا بلکہ اس کے ساتھ ہونے والی حق تلفی کے علم سے قانونی مدت کا آغاز ہوتا ہے۔ وراثت کا حق کسی شخص کی وفات کے وقت ہی قائم ہو جاتا ہے اور محض وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ صرف غلط انتقالِ اراضی درج ہونے، خاموشی اختیار کرنے یا طویل عرصہ گزر جانے کو کسی وارث کے حق سے دستبرداری نہیں سمجھا جا سکتا۔
عدالت نے صوبائی ریونیو حکام کو ہدایت کی ہے کہ نادرا کے خاندانی رجسٹریشن ریکارڈ یا تمام قانونی وارثوں کی شناخت کے مساوی ثبوت کے بغیر وراثتی انتقال منظور نہ کیا جائے۔ تمام وارثوں، بالخصوص خواتین کو ان کے پتے پر تحریری نوٹس بھیجنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق اگر کسی وارث کو اس کے جائز حصے سے کم جائیداد ملنے کا معاملہ سامنے آئے تو اس کا تحریری بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔
وراثتی جائیداد میں تحفہ، فروخت، دستبرداری یا کسی تصفیے کے ذریعے تبدیلی سے پہلے متعلقہ وارث کی ذاتی حاضری، شناخت کی تصدیق اور اس کے اصل حصے سے آگاہی یقینی بنانا ضروری ہوگا۔ خواتین وارثوں کے معاملے میں جہاں خاتون ریونیو افسر دستیاب ہو، یہ کارروائی اس کی موجودگی میں کی جائے گی۔
عدالت نے رجسٹریشن اداروں، ترقیاتی اداروں، کنٹونمنٹ بورڈز اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت کی ہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ، انتظامی اختیار کے خطوط یا عدالتی حکم کے بغیر وراثتی جائیداد منتقل نہ کی جائے اور منتقلی سے پہلے تمام وارثوں کو تحریری اطلاع دی جائے۔
سپریم کورٹ نے قانون ساز اداروں اور قانون و انصاف کمیشن کو سفارش کی ہے کہ وراثتی حصے سے دستبرداری یا حصہ چھوڑنے کا عمل صرف باقاعدہ رجسٹرڈ تحریری دستاویز کے ذریعے ممکن بنایا جائے اور اس پر دستخط سے پہلے وارث کو اس کے اصل حصے سے آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے مزید سفارش کی ہے کہ کسی بھی مرد یا خاتون وارث کو دھوکے یا غیر قانونی طریقے سے وراثت سے محروم کرنا قابلِ سزا جرم قرار دینے کے لیے پاکستان پینل کوڈ میں مناسب ترمیم کی جائے۔
سپریم کورٹ نے ماتحت عدالتوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وراثتی مقدمات میں میعادِ دعویٰ کا اعتراض سامنے آنے پر شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے اور ایسے مقدمات جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے۔
عدالت نے فیصلے کی نقول وزارتِ قانون، صوبائی قانون کے محکموں، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹس جنرل اور قانون و انصاف کمیشن کو بھی بھجوانے کا حکم دیا ہے تاکہ ضروری قانونی اقدامات پر غور کیا جا سکے۔