چھوٹے صوبوں کا قیام سیاسی خواہش نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

پاکستان کے صوبے دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بہت بڑے ہیں۔

November 15, 2026 · قومی
چھوٹے صوبوں کا قیام سیاسی خواہش نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

چھوٹے صوبوں کا قیام سیاسی خواہش نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے اور چھوٹے صوبوں کا قیام سیاسی خواہش نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ چار صوبوں پر مشتمل انتظامی ڈھانچہ عوامی مسائل حل کرنے میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہا۔

کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل (اے ایچ پی سی) کے سندھ ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے صوبے دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بہت بڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف پنجاب کی آبادی دنیا کے 180 سے زائد ممالک سے زیادہ ہے، جبکہ باقی تین صوبوں کی آبادی بھی متعدد ممالک سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے ایران، افغانستان اور بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں انتظامی امور چلانے کے لیے متعدد صوبے قائم ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ قابلِ تقسیم قومی محاصل میں سے 57.5 فیصد حصہ صوبوں کو دیا جاتا ہے اور رواں مالی سال کے دوران انہیں مجموعی طور پر 8 ہزار 844 ارب روپے فراہم کیے گئے، لیکن بدقسمتی سے یہ وسائل نچلی سطح اور دیہی علاقوں تک نہیں پہنچ رہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق صوبوں نے اختیارات اور وسائل مقامی سطح تک منتقل نہیں کیے، جس کے باعث عوام کو مختص فنڈز کے باوجود بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی کی معاشی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کی صلاحیت سے اب تک صرف 10 فیصد فائدہ اٹھایا جا سکا ہے، حالانکہ کراچی پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نہیں نکال سکتا، لیکن کراچی میں یہ صلاحیت موجود ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچنے کے خدشات مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب کسی خاندان کے افراد بڑھتے ہیں تو گھر میں مزید کمرے تعمیر کیے جاتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ گھر کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق نئے صوبے بنانا بھی انتظامی ضروریات پوری کرنے کا ایک طریقہ ہے۔

مصطفیٰ کمال نے سندھ میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے علاقائی دفتر کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب صوبے کے طبی شعبے سے وابستہ افراد، طلبہ اور تعلیمی اداروں کو اپنے پیشہ ورانہ و انتظامی مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نیا دفتر ایک ہی جگہ تمام متعلقہ سہولیات فراہم کرے گا، جہاں سے طبی معاون شعبوں کے ماہرین اور طلبہ معلومات حاصل کرنے کے ساتھ اپنے مسائل بھی حل کرا سکیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی نوعیت کے دفاتر دیگر صوبوں میں بھی قائم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو ہنرمند افرادی قوت میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت ملک کے 26 کروڑ شہریوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتی، اس لیے فنی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ آبادی والے کئی ممالک نے ہنرمند افراد کی تیاری اور انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی حاصل کی، پاکستان کو بھی بالخصوص نوجوانوں کے لیے اسی طرزِ عمل کو اپنانا ہوگا۔