حسینہ واجد کو واپس لانے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے، بنگلہ دیش
سابق وزیراعظم پانچ اگست، 2024 سے بھارت میں مقیم ہیں
شیخ حسینہ واجد۔ فائل فوٹو
بنگلہ دیش کے وزیر قانون نے کہا ہے کہ ملک نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کو انڈیا سے واپس لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے ہیں اور اب نئی دہلی نے فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرے گا یا نہیں۔
79 سالہ شیخ حسینہ پانچ اگست، 2024 سے انڈیا میں مقیم ہیں۔ وہ اس روز بنگلہ دیش کی فضائیہ کے ایک طیارے کے ذریعے ڈھاکہ سے فرار ہو گئی تھیں۔ حسینہ کو 2024 میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے معاملے میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
وزیرِ قانون محمد اسد الزمان نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قانونی عمل کے تحت اپنی جانب سے تمام ضروری کارروائی مکمل کر لی ہے۔ اب انڈیا کیا کرے گا، یہ اس کا اپنا فیصلہ ہے۔
بنگلہ دیش-چین فرینڈشپ کانفرنس سینٹر میں تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسد الزمان نے کہا شیخ حسینہ کی واپسی دونوں ممالک کے درمیان موجود حوالگی (ایکسٹراڈیشن) کے معاہدے کے تحت عمل میں آئے گی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شیخ حسینہ کو سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کا موقع مل سکے گا تو انہوں نے کہا بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کا اپیلیٹ ڈویژن انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمات میں اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت میں توسیع نہیں کر سکتا۔بنگلہ دیشی وزیر کا کہنا ہے کہ اپیلیٹ ڈویژن کے پاس ایسے مقدمات میں تاخیر معاف کرنے کی کوئی قانونی گنجائش نہیں کیونکہ خصوصی قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ قانون انہوں نے خود ہی بنایا ہے۔
شیخ حسینہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے اور عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔انہوں نے بنگلہ دیش کے سفارت خانے میں نئی سفر ی دستاویزات جاری کرنے کی درخواست دی تھی ،تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ شیخ حسینہ کو ایک عام مسافر کی حیثیت سے واپس آنے کی بجائے انڈیا کے ساتھ موجود حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی واپس آنا ہوگا۔
انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان قونصلر مذاکرات کا پانچواں دور، جو 17 اور 18 نومبر کو ڈھاکہ میں ہونا تھا، بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ان مذاکرات میں ویزا انتظامات، سرحدی انتظامات، زیرِ حراست شہریوں کی واپسی اور حوالگی سے متعلق درخواستوں پر بات چیت متوقع تھی۔بنگلہ دیش نے ان مذاکرات کے ایجنڈے میں شیخ حسینہ کی واپسی اور ان کے سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان کمال کی حوالگی کا معاملہ بھی شامل کیا تھا۔
انڈیا نے وقت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے مذاکرات ملتوی کرنے کی درخواست کی، جس پر دونوں ممالک نے اجلاس کو مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا۔