غزہ کے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی حملہ؛ حماس کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 6 افراد کی شہادت کی تصدیق

حماس کے سینئر کمانڈرز ہسپتال کی اس منزل پر مقیم تھے ، وہیں سے اپنی عسکری کارروائیاں چلا رہے تھے ، اسرائیلی فوج

November 16, 2026 · بام دنیا
فوٹو اسرائیلی میڈیا

فوٹو اسرائیلی میڈیا

غزہ: اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) اور داخلی سلامتی کے ادارے ‘شن بیٹ’ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ جمعرات کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال پر کیے گئے فضائی حملے میں حماس کے 3 اہم کمانڈرز اور کارکن شہید ہوئے ۔

اسرائیلی فوج کے مطابق 12 نومبر 2026 کو ناصر ہسپتال کی ایک مخصوص منزل اور کمرے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جسے مبینہ طور پر حماس کی جانب سے فوجی ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا بنیادی ہدف حماس کے خان یونس بریگیڈ کے نئے کمانڈر محمد ابو اسماعیل تھے تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا وہ اس حملے میں جاں بحق ہوئے ہیں یا نہیں۔

اسرائیلی فوج اور شن بیٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں جن تین افراد کی شناخت کی گئی ہے، ان میں حماس کی انجینئرنگ ٹیم کے کمانڈر، جن پر 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں شریک ہونے اور اسرائیلی شہری ادینہ موشے کو اغوا کرنے کا الزام تھا۔

حماس کے انٹیلی جنس ونگ کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ میں مواصلات (کمیونیکیشنز) کے سربراہ ، خان یونس بریگیڈ کی نخبه فورس کے سرگرم رکن تھے ۔

دوسری جانب غزہ میں حماس کے حکام کے مطابق جمعرات کو ہونے والے اس اسرائیلی حملے میں مجموعی طور پر 6 افراد شہید اور کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ حماس کے سینئر کمانڈرز ہسپتال کی اس منزل پر مقیم تھے اور وہیں سے اپنی عسکری کارروائیاں چلا رہے تھے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس منزل پر سخت سیکیورٹی نافذ تھی اور عام شہریوں کو وہاں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔

اسرائیلی حکام کے مطابق حملہ کرنے سے قبل متعدد بار وارننگ جاری کی گئی تھی اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہسپتال کے اندر سے ہونے والی عسکری سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔