نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر ڈیوڈ ملی بینڈ کی ملاقات

پاکستان میں انسانی امداد کے منصوبوں، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال

November 17, 2026 · قومی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر ڈیوڈ ملی بینڈ کی ملاقات

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ ملی بینڈ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران ڈیوڈ ملی بینڈ نے نائب وزیراعظم کو پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جاری سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ ادارے کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی سرگرمیوں کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید برآں دونوں جانب سے انسانی ہمدردی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مسلسل شمولیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔