پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتار کر لیا گیا
تینوں رہنماؤں کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا، پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کردی
پی ٹی آئی رہنماتیمورجھگڑا،کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتار کر لیا گیا
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے تین سینئر رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تینوں رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کردی تھیں۔ ضمانت خارج ہونے کے بعد پولیس نے کامران بنگش اور عرفان سلیم کو حراست میں لیا تھا، تاہم وکلا نے دونوں رہنماؤں کو پولیس کی تحویل سے چھڑا لیا تھا۔
بعد ازاں تینوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کے لیے رجوع کیا۔ عدالت نے تینوں کی 23 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار ملزمان عدالت میں موجود ہیں؟ جس پر وکلا نے جواب دیا کہ جی، تینوں ملزمان عدالت میں موجود ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔ آج انسداد دہشت گردی عدالت میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں ملزمان کی ضمانتیں خارج کردی گئیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ملزمان کو کیس میں کب نامزد کیا گیا؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ملزمان پہلے ریڈیو پاکستان کیس میں نامزد نہیں تھے بلکہ 28 فروری 2026 کو انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی 29 اکتوبر کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تھا، انہیں بھی تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔