پانچ ارب روپے کا ہرجانہ قومی خزانے کے لیے نہیں، میڈم نے اپنے لیے مانگا تھا، چوہدری سالک حسین
وفاقی وزیر کا ہتک عزت نوٹس پر ردعمل، پنجاب حکومت کی کارکردگی اور مبینہ مس مینجمنٹ پر بھی تنقید
پانچ ارب روپے کا ہرجانہ قومی خزانے کے لیے نہیں، میڈم نے اپنے لیے مانگا تھا، چوہدری سالک حسین
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ انہیں بھیجا گیا پانچ ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس قومی خزانے کے لیے نہیں تھا بلکہ میڈم نے یہ رقم اپنے لیے مانگی تھی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجے گئے ہتک عزت کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نوٹس میں مطالبہ کیے گئے پانچ ارب روپے قومی خزانے میں نہیں جانے تھے بلکہ میڈم نے اپنے لیے مانگے تھے۔ اس ذاتی معاملے کے لیے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا دفتر استعمال کیا گیا جو سراسر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نوٹس کا تفصیلی جواب دے دیا ہے، جس میں 15 نکات پر بات کی، لیکن اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ میرا سارا فوکس صرف آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر تھا۔ خط کا جواب دینا میرا حق ہے اور اگر وہ مطمئن نہیں ہیں تو باقی باتیں عدالت میں کرلیں۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ اگر معافی نہ مانگی اور پانچ ارب روپے ادا نہ کیے تو عدالت لے جایا جائے گا۔ ان کے پاس وکلا کی فوج ہے تو وہ ضرور معاملہ عدالت میں لے کر جائیں۔ بہتر یہی ہے کہ قانونی نوٹس کے بجائے قانونی فورم پر معاملات پیش کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے جوابی ہتک عزت نوٹس میں انہوں نے ہرجانے کی کوئی رقم طلب نہیں کی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عظمیٰ بخاری جوشِ خطابت میں کون سے الفاظ استعمال کرتی ہیں، وہ ویڈیوز میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ شاید وہ جوشِ خطابت میں بات کرنے کے بعد بھول جاتی ہیں کہ انہوں نے کیا الفاظ استعمال کیے تھے۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ صوبے میں مس مینجمنٹ انتہا پر ہے، 30 سے 40 ارب روپے ایڈوانس دیے گئے اور منصوبے ٹھپ کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پورے پاکستان میں کرپشن ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پنجاب حکومت کو اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا نہیں آتا، اور جب اتنی غیر یقینی صورتحال ہو تو صوبہ کیسے چلے گا؟ بہت سے لوگوں نے بیانات دیے ہیں لیکن انہیں نوٹس نہیں بھیجے جا رہے۔
ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی اور دیگر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی سی سے متعلق تمام باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ڈی سی کو تعینات ہوئے ڈیڑھ سال ہو چکا ہے اور انہیں اس حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔ کان بھرنے سے متعلق باتیں بھی سفید جھوٹ ہیں۔
انہوں نے حلفاً کہا کہ انہیں کسی نے یہ باتیں کہنے کے لیے نہیں کہا، انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی بلکہ حقیقت سامنے رکھی ہے۔
چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ ان کے والد سمیت کسی نے بھی معاملہ ختم کرنے کے حوالے سے بات نہیں کی۔ اگر کوئی کہے کہ آپ آکر ملیں تو وہ کیوں ملیں، جب انہوں نے کوئی غلط بات کی ہی نہیں۔