ایران نے واشنگٹن ڈی سی کو ’ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا
ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کرنے والے اب اپنے مذموم عزائم کے لیے میڈیا میں ماحول بنا رہے ہیں، ترجمان وزارت خارجہ
فائل فوٹو
تہران: ایران نے متعدد امریکی میڈیا اداروں کی ان رپورٹس کو مسترد کیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن ڈی سی کو کیمیکل ’ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔
منگل کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کرنے والے اب اپنے مذموم عزائم کے لیے میڈیا میں ماحول ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بے بنیاد الزامات گھڑ کر اور انہیں پھیلا رہے ہیں۔ ان میں وہ حالیہ دعوے بھی شامل ہیں جو نیویارک ٹائمز نے شائع کیے اور مبینہ ’ڈرٹی بم‘ سے متعلق وہ من گھڑت بیانیہ بھی شامل ہے جسے سی این این نے فروغ دیا۔
خیال رہے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ تہران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں کو ایک مبینہ ’ڈرٹی بم‘ کے ذریعے نشانہ بنانے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس منصوبہ بندی سے کسی فوری حملے کا اشارہ نہیں ملتا بلکہ یہ مختلف ممکنہ آپشنز کا جائزہ لینے کی ایک کوشش تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی منگل کو اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سی این این کی اس رپورٹ کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہے ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں کیمیائی ہتھیار کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
فلپائن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے تو ایران کو ’ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی اس سے پہلے کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی ہوگی۔