الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری دے دی

انتخابی شیڈول کا اعلان، چیف سیکرٹری کو تیاریاں کرنے کی ہدایت، جماعت اسلامی کا حصہ لینے کا فیصلہ۔

November 17, 2026 · قومی
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری دے دی

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانے کی منظوری دے دی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں کرانے کا باضابطہ فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی تجویز منظور کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق صوبے بھر کے اضلاع کو 2 بڑے گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر مرحلے میں 18 ضلعی گروپوں میں پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق پہلے مرحلے میں چکوال، تلہ گنگ، راولپنڈی، مری، سیالکوٹ، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، پاکپتن، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، بہاولپور، لودھراں، حافظ آباد اور بھکر میں انتخابات ہوں گے۔ جب کہ دوسرے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان کے اضلاع شامل ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری پیشگی انتظامی سرگرمیاں اور انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

دوسری جانب، سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت پر ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی تمام تحفظات کے باوجود پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومتیں فارم 47 کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں، اور مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے میدان سے فرار اختیار کر چکی ہیں۔