بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ، سینٹکام کی تردید
منامہ میں دھماکوں کی آوازیں، بحرین کی وزارت داخلہ کا شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا انتباہ
بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ، سینٹکام کی تردید
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحرین کے جزیرے پر واقع شیخ عیسیٰ اڈے میں امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائی خطے میں امریکی افواج کی مبینہ ’’دشمنانہ نقل و حرکت‘‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے کی گئی۔
چند روز قبل بھی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی افواج کے ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔ تازہ مبینہ حملے پر بھی سینٹکام کا مؤقف سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک میں ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے اور تازہ معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ بحرین کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ ملک نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملے روک لیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار کو نشانہ بنانے سے متعلق پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کو ’’جھوٹا‘‘ قرار دیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق ایران کی جانب سے بحرین کی طرف داغے گئے متعدد یک طرفہ حملہ آور ڈرونز کو راستے میں ہی مار گرایا گیا۔ اس کارروائی میں امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور کسی امریکی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع نہیں ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی افواج اور اتحادی فورسز صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں