بلاول بھٹو کے بیان پر شوکت بسرا کے پیپلز پارٹی سے 3 اہم سوالات

اگر موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے بغیر قائم ہوئی ہے تو پیپلز پارٹی اب تک اس حکومت کا حصہ کیوں ہے؟ پی ٹی آئی رہنما

November 17, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت بسرا نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد پیپلز پارٹی سے تین اہم سوالات کے جوابات مانگ لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شوکت بسرا نے سوال کیا کہ اگر موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے بغیر قائم ہوئی ہے تو پیپلز پارٹی اب تک اس حکومت کا حصہ کیوں ہے؟ کیا پیپلز پارٹی فوری طور پر حکومت سے استعفیٰ دے گی؟

شوکت بسرا نے دوسرا سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا دوٹوک مطالبہ کرے گی؟ جبکہ تیسرا سوال کرتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ کیا بلاول بھٹو زرداری نئے اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کریں گے؟

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اقتدار میں حصہ داری بھی چاہتے ہیں اور عوامی مینڈیٹ کی باتیں بھی کر رہے ہیں، اب انہیں فیصلہ کن مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔

شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو کے بیان میں سچائی اور اصولی بنیاد ہے تو اسے عملی اقدامات سے ثابت کریں، قوم کو وضاحت نہیں بلکہ واضح فیصلہ چاہیے۔