دوحہ میں اے سی سی ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی
میگا ایونٹ کا آغاز، 8 ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، پاکستان شاہینز مہم کا آغاز 20 نومبر کو کرے گا۔
دوحہ میں اے سی سی ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی
دوحہ میں اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کر دی گئی ہے جس میں ایونٹ میں شریک تمام 8 ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران تمام کپتانوں نے مل کر کیک بھی کاٹا۔ ذرائع کے مطابق یہ 50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک دوحہ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 22 نومبر کو شیڈول ہے جبکہ قومی ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔
عبدالصمد کی زیر قیادت قومی سکواڈ میں حسن نواز، معاذ صداقت، شامل حسین، حیدر علی، شاہزیب خان اور فرحان یوسف شامل ہیں۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں روحیل نذیر نبھائیں گے جبکہ اسپن اٹیک میں دانش عزیز، سعد مسعود اور سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں محمد حسنین، عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور احمد دانیال ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔