یورپ اور یوکرین پر سمجھوتے کے لیے تیار نہیں ، روسی صدر پوتن کا دعویٰ
روس اور مقبوضہ کریمیا کو ملانے والے پل پر بار بار ہونے والے حملوں کے بعد مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے ، میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
شینزین: چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے بعد روسی صدر پوتن نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے پوتن نے دعویٰ کیا کہ کیئو اور یورپی ممالک ابھی تک تنازع کے حل کے لیے سمجھوتے پر آمادہ نہیں ہیں۔
ولادیمیر پوتن نے روس اور مقبوضہ کریمیا کو ملانے والے پل پر حالیہ حملوں کے حوالے سے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات سے قبل اس پر ایک بار پھر حملہ کیا گیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں پوتن نے کہا کہ انھوں نے روسی کنٹرول والے متعدد علاقوں میں ممکنہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا تھا، تاہم پل پر بار بار ہونے والے حملوں کے بعد مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
روسی صدر نے کہا: ’ہم اس پل کو فوجی ساز و سامان یا دیگر فوجی سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال نہیں کرتے، حتیٰ کہ تیل اور تیل کی مصنوعات کی ترسیل کے لیے بھی نہیں۔ یہ مکمل طور پر ایک سویلین تنصیب ہے۔‘
روسی صدر نے خبردار کیا کہ روس ان حملوں کا جواب دے گا اور کہا کہ ’ہمارے جوابی اقدامات کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوں گے۔
روسی خبر رساں ایجنسی ریانووستی کے مطابق پوتن نے یہ بھی کہا کہ انھیں یقین ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعی یوکرین تنازع کے حل اور روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے خواہاں ہیں۔
پوتن نے کہا ہے کہ سہ فریقی ملاقات میں اقوام متحدہ میں اصلاحات، سکیورٹی کے امور اور جوہری عدم پھیلاؤ سمیت متعدد اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ جوہری شعبے میں روس کو برتری حاصل ہے کیونکہ ان کے بقول روس جوہری ٹیکنالوجی اور جوہری توانائی کے پُر امن استعمال میں عالمی رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے۔