حوثیوں کا سعودی عرب میں فنانشل سینٹر کے ایک ٹاور پر حملہ، متعدد منزلوں کو نقصان
کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی، ترجمان سعودی سول ڈیفنس
فوٹو سعودی میڈیا
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کو حوثی ملیشیا نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان سعودی سول ڈیفنس کے مطابق یہ حملہ جمعرات 19 نومبر 2026 کو کیا گیا، جس کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔
ترجمان نے بتایا کہ حملے سے ٹاور کی کئی منزلوں اور اس کے آس پاس واقع عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ حوثی ملیشیا کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں سے لاحق خطرات کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے منظور شدہ ہنگامی اقدامات اور طریقہ کار پر عمل درآمد کیا۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں، بالخصوص کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر تازہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں و رہائشیوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ضروری اقدامات کرے گا۔