ریاست مخالف مواد کی تشہیر کے مقدمے میں اقرار الحسن پر فرد جرم عائد
اہم پیش رفت، ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا، آئندہ سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔
ریاست مخالف مواد کی تشہیر کے مقدمے میں اقرار الحسن پر فرد جرم عائد
کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن کے خلاف ریاست مخالف مواد کی تشہیر کے مقدمے میں باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ سماعت کے دوران ملزم اقرار الحسن اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے عائد کردہ تمام الزامات سے صریحاً انکار کیا۔
عدالت نے کارروائی کے بعد استغاثہ کو آئندہ سماعت پر گواہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقدمے کی اگلی پیشی 9 دسمبر کو ہوگی جس میں تمام گواہان کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ دورانِ سماعت ملزم کے وکلا کی جانب سے ایک اور درخواست بھی دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گرفتاری کے وقت تحویل میں لیے گئے موبائل فونز اور آئی پیڈ تاحال واپس نہیں کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق وکلا نے عدالت کو بتایا کہ اس کارروائی میں درخواست گزار کی اہلیہ کا موبائل فون بھی ضبط کیا گیا تھا، اور یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ فارنزک تجزیے کے بعد تمام آلات واپس کر دیے جائیں گے مگر تاحال یہ تحویل میں ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد موبائل فونز کی واپسی سے متعلق درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کہ پیر کے روز سنایا جائے گا۔ معزز جج نے ریمارکس دیے کہ فیصلے کے وقت تک متعلقہ فارنزک رپورٹ بھی موصول ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ ملزم اقرار الحسن اس مقدمے میں پہلے ہی ضمانت پر ہیں۔