قصور میں ماں باپ اور 3 بھائیوں کی موت میں بہن ملوث نکلی
چھپکلی کھیر میں گرنے سے اموات نہیں ہو سکتیں ، ڈی پی او قصور آفتاب پھلرواں کا شک درست ثابت ہوا
فائل فوٹو
قصور: قصور کے نواحی علاقے میں دو ہفتے قبل پیش آنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی پراسرار ہلاکت کے واقعے میں سنسنی خیز موڑ آ گیا۔
پولیس کی تفتیش کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ میاں بیوی اور ان کے تین بیٹوں کی موت کھیر میں چھپکلی گرنے کے باعث نہیں ہوئی تھی، بلکہ یہ ایک سوچا سمجھا قتل تھا، جس کا اعتراف مقتولین کی بیٹی نے کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو ہفتے قبل قصور کے نواحی علاقے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد (میاں، بیوی اور تین بیٹے) جاں بحق ہو گئے تھے۔ ابتدائی طور پر اہلِ علاقہ اور خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ گھر میں پکائی گئی کھیر میں چھپکلی گر گئی تھی اور وہ زہریلی کھیر کھانے سے سب کی موت واقع ہوئی۔
چھپکلی کھیر میں گرنے سے اموات نہیں ہو سکتیں ،
ڈی پی او قصور آفتاب پھلرواں کا شک درست ثابت ہوا ۔۔۔
قصور میں ماں باپ اور تین بیٹوں کی موت قتل نکلی ۔۔۔۔۔
قصور کے نواحی علاقہ میں دو ہفتے پہلے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ابتدائی طور پر کہا گیا کہ اموات کھیر میں… https://t.co/MOl2V4Sb5V pic.twitter.com/2QjCs7IFkI— Maria Baloch (@MariaBalochPK) November 20, 2026
تاہم ڈی پی او قصور آفتاب پھلرواں نے اس واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔ ڈی پی او قصور کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں پائی جانے والی عام چھپکلی قطعی طور پر بے ضرر اور غیر زہریلی ہوتی ہے، اس کے کھانے میں گرنے سے انسانی اموات ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ “قتل کر کے چھپکلی پر الزام ڈالنے کا یہ ڈرامہ اب بند ہونا چاہیے۔
ڈی پی او قصور کا شک درست ثابت ہوا اور پولیس کی مسلسل تفتیش کے دوران آج اس افسوسناک واقعے میں حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی بیٹی نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ اس نے خود اپنے ہاتھوں سے کھانے میں زہر ملا کر اپنے والدین اور تینوں بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔
غیر تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے ملزمہ کو باقاعدہ طور پر حراست میں لے لیا ہے اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔