سونے کی قیمت بڑی گراوٹ کا شکار،فی تولہ 3 لاکھ 79 ہزار 836 روپے پر آگیا

دو روز کے دوران مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں 19100 روپے کی کمی ہوچکی ہے۔

November 21, 2026 · کامرس
پاکستان میں فی تولہ سونا 15400 روپے کی بڑی کمی کے بعد 379836 روپے پر آگیا

پاکستان میں فی تولہ سونا 15400 روپے کی بڑی کمی کے بعد 379836 روپے پر آگیا

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں تاریخی اور بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں بین الاقوامی منڈی کے اثرات کے تحت فی تولہ سونا نمایاں طور پر سستا ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 15400 روپے کی بڑی کمی کے بعد 379836 روپے پر آگیا، جبکہ گزشتہ روز اس کی قدر 395236 روپے فی تولہ تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 13203 روپے کی کمی واقع ہوئی اور یہ 325648 روپے پر بند ہوئی۔ دو روز کے دوران مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں 19100 روپے کی کمی ہوچکی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں شدید دباؤ دیکھا گیا جہاں اسپاٹ گولڈ 1.4 فیصد کمی کے ساتھ 3570.84 ڈالر فی اونس پر آگیا۔ امریکی مالیاتی پالیسی سے جڑے خدشات اور مصنوعی ذہانت کے اسٹاکس میں فروخت کے رجحان کے باعث عالمی سطح پر سونا 14 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی شرح سود سے متعلق سخت فیصلوں کی توقعات نے غیر منافع بخش اثاثوں کی کشش کو کم کردیا ہے۔ انٹرایکٹو کموڈٹیز کے ڈائریکٹر عدنان آگر کے مطابق، آئندہ چند روز میں مارکیٹ میں جزوی بحالی کا امکان ہے تاہم امریکی مانیٹری پالیسی کے اعلان تک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہے گی۔ دریں اثنا، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 297 روپے کی کمی سے 4708 روپے پر بند ہوئی۔