امریکا کا ایران کی تیل آمدنی پر وار، تاجروں اور سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد
آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا حصہ، واشنگٹن نے پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکل شعبوں کو ہدف بنایا
امریکا کا ایران کی تیل آمدنی پر وار، تاجروں اور سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد
واشنگٹن نے ایران کے تیل کی بیرون ملک فروخت اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کی منتقلی میں مبینہ طور پر مدد فراہم کرنے والے ایرانی تاجروں اور حکومت سے منسلک سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا حصہ ہے۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور نیٹ ورکس ایران کو بیرون ملک تیل فروخت کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم اپنے پاس رکھنے میں مدد فراہم کر رہے تھے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق یہ پابندیاں 2 صدارتی احکامات کے تحت نافذ کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک حکم ایران کے پیٹرولیم، پیٹروکیمیکل اور ہوا بازی کے شعبوں کو ہدف بناتا ہے، جبکہ دوسرا حکم انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اختیارات کے تحت پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے نئی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے شہریوں کے مفادات کے بجائے اپنے اقتدار اور ذاتی مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام ایرانی شہری روٹی اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے انتظام میں مصروف عمل ہے۔
امریکہ وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا سمندر کے ذریعے تیل کی ترسیل کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ تہران کو پہلے فروخت کیے گئے تیل کی آمدنی بھی حاصل نہ ہو سکے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کی موجودہ معاشی صورت حال کو ایک ڈوبتے ہوئے جہاز سے تشبیہ دی ہے۔