سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید خشک سالی کا انتباہ جاری

بارشوں میں کمی، گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا۔

November 21, 2026 · قومی
سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید خشک سالی کا انتباہ جاری

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید خشک سالی کا انتباہ جاری

محکمہ موسمیات نے بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آئندہ 3 ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر تک سندھ اور بلوچستان میں مسلسل معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران بارشیں معمول سے 90 فیصد کم رہیں۔ اکتوبر کے دوران سندھ میں بارشوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ یکم سے 20 نومبر تک بارشیں معمول سے 99 فیصد کم رہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی صورتحال تشویشناک رہی جہاں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بلوچستان میں بارشوں کی کمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی، جس کے نتیجے میں گندم سمیت ربیع کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زمین کی نمی میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔ اس صورتحال میں بارانی علاقوں کے کسانوں، فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خشک سالی سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں اور آبادیوں کی فوری نشاندہی کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ خشک سالی کا الرٹ محض ایک احتیاطی تدبیر ہے اور فی الحال کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے خشک سالی کی موجودہ صورتحال کا اگلا جائزہ آئندہ ماہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔