چینی بی وائی ڈی کی مقبول گاڑی’ڈیفندر’کی نقل قرار

دونوں گاڑیوں میں چوکور ساخت، ہموار چھت، بلند قامت ڈیزائن، پچھلے دروازے کی بناوٹ اور پہیوں کے گرد نمایاں چوکور حصوں سمیت کئی ظاہری مماثلتیں موجود ہیں۔

November 21, 2026 · امت خاص
چینی بی وائی ڈی کی مقبول گاڑی'ڈیفندر'کی نقل قرار

چینی بی وائی ڈی کی مقبول گاڑی'ڈیفندر'کی نقل قرار

نیدرلینڈز کی عدالت نے چینی کمپنی بی وائی ڈی کی نئی ایس یو وی گاڑی ’ٹی آئی 7‘ کی یورپی یونین میں فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ عدالت کے مطابق گاڑی کا ڈیزائن برطانوی کمپنی جیگوار لینڈ روور کی مشہور گاڑی ’ڈیفنڈر‘ سے غیر معمولی مشابہت رکھتا ہے اور اس سے کمپنی کے ڈیزائن حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دی ہیگ کی ضلعی عدالت نے جمعے کو ابتدائی حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی وائی ڈی کی گاڑی میں ڈیفنڈر کے نمایاں ڈیزائن عناصر سے مشابہت پائی جاتی ہے۔

جیگوار لینڈ روور نے اس معاملے پر رواں سال قانونی کارروائی شروع کی تھی، جب بی وائی ڈی نے اپنی برطانوی ویب سائٹ پر سات نشستوں والی ٹی آئی 7 کے پیشگی آرڈر لینا شروع کیے۔ گاڑی کی فراہمی جنوری 2027 سے شروع ہونا طے تھی۔

عدالت کے مطابق دونوں گاڑیوں میں چوکور ساخت، ہموار چھت، بلند قامت ڈیزائن، پچھلے دروازے کی بناوٹ اور پہیوں کے گرد نمایاں چوکور حصوں سمیت کئی ظاہری مماثلتیں موجود ہیں۔

عدالتی حکم کے تحت بی وائی ڈی کو یورپی یونین میں ٹی آئی 7 کی فروخت کے علاوہ ہنگری میں قائم اپنے نئے کارخانے میں اس کی تیاری سے بھی روک دیا گیا ہے۔ پابندی عدالتی فیصلے کے ایک ہفتے بعد نافذ العمل ہوگی۔ تاہم عدالت نے برطانیہ میں بی وائی ڈی کی ذیلی کمپنی کے خلاف حکم جاری کرنے کا اختیار نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب بی وائی ڈی نے عدالتی فیصلے سے سخت اختلاف کرتے ہوئے اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا مؤقف ہے کہ ٹی آئی 7 اس کا اپنا ڈیزائن ہے اور اس میں جیگوار لینڈ روور کے کسی ڈیزائن حق کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

جیگوار لینڈ روور نے کہا ہے کہ وہ اپنی دانشورانہ ملکیت کے تحفظ کے لیے قانونی اقدامات کرتی ہے، تاہم جاری مقدمے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ بی وائی ڈی کی یورپی منڈی میں فروخت تیزی سے بڑھی ہے۔ رواں سال جنوری سے ستمبر کے دوران یورپ میں کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت 2 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرگئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ ہے۔