اوگرا نے جیٹ فیول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی

اہم ریلیف، پیٹرولیم مصنوعات سستی، بجلی کے نرخ بڑھنے کا خدشہ۔

November 21, 2026 · قومی
اوگرا نے جیٹ فیول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی

اوگرا نے جیٹ فیول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے طیاروں کے ایندھن (جیٹ فیول)، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق طیاروں کا ایندھن جیٹ فیول 12 روپے 6 پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 287 روپے 71 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 299 روپے 77 پیسے فی لٹر پر فروخت ہو رہا تھا۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 42 پیسے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے اور اب اس کی نئی قیمت 273 روپے 22 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، جو کہ پہلے 283 روپے 64 پیسے فی لٹر تھی۔ علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 11 روپے 44 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد یہ 220 روپے 28 پیسے فی لٹر ہو گیا ہے، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لٹر تھی۔ قیمتوں میں اس کمی کا اطلاق 21 نومبر سے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ فی لٹر کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافے کے بعد اسے برقرار رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دسمبر کے لیے بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ پیش کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق اس وقت صارفین 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں جو کہ دسمبر میں بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے ہو سکتے ہیں، جس سے صارفین پر 1 روپے 33 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں فی یونٹ 1 روپے 34 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے جبکہ اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔