کراچی میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار

گرفتار ملزمان میں سے 5 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جن میں 3 پشاور اور 2 ہزارہ کے رہائشی ہیں

November 21, 2026 · قومی
کراچی میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار

کراچی میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار

کراچی پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 7 رکنی بین الصوبائی گروہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں مسروقہ سامان، طلائی زیورات اور سونے کی 45 چوڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے 5 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جن میں 3 پشاور اور 2 ہزارہ کے رہائشی ہیں، جبکہ دیگر دو ملزمان میں سے ایک جنوبی پنجاب اور دوسرا اندرون سندھ سے تعلق رکھتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ گروہ دن کے اوقات میں گھروں کو نشانہ بناتا تھا۔ ملزمان پہلے گھر میں موجود ملازمین، چوکیداروں یا باورچیوں کو قابو کرتے اور ان سے اسلحہ چھین لیتے، جس کے بعد عموماً باورچی خانے کے راستے گھر میں داخل ہوکر واردات کرتے تھے۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ ان میں سے کئی ملزمان ماضی میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں، تاہم رہائی کے بعد دوبارہ گروہ کی شکل میں وارداتیں شروع کردیتے تھے۔ بعض ملزمان کے خلاف پانچ سے آٹھ مقدمات درج ہیں، جبکہ ایک ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ 2013 سے موجود ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان گزشتہ چار سے پانچ برس کے دوران کراچی میں درجنوں وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں۔ گرفتار افراد نے ضلع جنوبی میں ڈکیتیوں کا اعتراف کیا ہے، جبکہ ضلع شرقی میں ہونے والی وارداتوں سے متعلق معلومات کی جانچ جاری ہے۔ دیگر شہروں میں ان کی ممکنہ سرگرمیوں کا بھی پتا لگایا جا رہا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق سامنے نہیں آیا۔ ان کے قبضے سے سونے کی 45 چوڑیوں سمیت مختلف قیمتی اشیا برآمد ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق پولیس ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرکے مقدمات تیار کر رہی ہے تاکہ انہیں عدالت سے سزا دلوائی جا سکے۔ گروہ کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔