کراچی کے گھروں میں غیرقانونی کال سینٹر قائم ہوگئے، این سی سی آئی کا دعویٰ
والدین کو بچوں کی ملازمت اور مشکوک آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت
کراچی کے گھروں میں غیرقانونی کال سینٹر قائم ہوگئے، این سی سی آئی کا دعویٰ
کراچی: غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد بعض عناصر نے رہائشی مقامات سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش شروع کردی، این سی سی آئی اے نے ایسے عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے اقدامات شروع کردیے۔
این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے بعد بعض عناصر اب رہائشی مقامات سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کسی غیر قانونی کال سینٹر کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
والدین اور شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کی ملازمت اور مشکوک کال سینٹرز یا آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔