آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ نے ایوان میں ساتھی رکن پارلیمنٹ کو شادی کی پیشکش کردی

دس سالہ رفاقت کے بعد شادی کی پیشکش، پارلیمنٹ میں موجود ارکان کا تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار

November 21, 2026 · بام دنیا

آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ نے ایوان میں ساتھی رکن پارلیمنٹ کو شادی کی پیشکش کردی

سڈنی: آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے رکن پارلیمنٹ جارڈن لین نے اپنی الوداعی تقریر کو یادگار بناتے ہوئے پارلیمنٹ میں اپنی دیرینہ ساتھی نٹالی ہسی کو شادی کی پیشکش کردی، جس پر انہوں نے ہاں میں جواب دیا۔

یہ واقعہ جمعرات 19 نومبر 2026 کو نیو ساؤتھ ویلز کی قانون ساز اسمبلی میں پیش آیا، جہاں لبرل رکن پارلیمنٹ جارڈن لین نے اپنے الوداعی خطاب کے دوران ایوان کی عوامی گیلری میں موجود اپنی ساتھی نٹالی ہسی سے شادی کی پیشکش کی۔

نٹالی کی جانب سے ہاں کہنے پر جارڈن لین نے ان کی انگلی میں انگوٹھی پہنائی اور انہیں بوسہ دیا۔ انہوں نے اسپیکر گریگ پائپر سے درخواست کی کہ ان کا جواب ہینسارڈ کے سرکاری ریکارڈ میں درج کیا جائے۔

اس موقع پر اسپیکر گریگ پائپر نے مذاقاً کہا کہ 58ویں پارلیمنٹ کو محبت کی پارلیمنٹ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ بعد ازاں نٹالی ہسی نے اے بی سی سڈنی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پیشکش کا بالکل اندازہ نہیں تھا اور یہ لمحہ ان کے لیے بہت معنی خیز تھا۔

جارڈن لین اور نٹالی ہسی گزشتہ 10 سال سے زائد عرصے سے ایک ساتھ ہیں۔ لین نے مارچ 2023 میں 32 سال کی عمر میں ریاستی اسمبلی کی نشست سنبھالی تھی۔ اس سے قبل وہ 2017 میں مقامی کونسلر منتخب ہوئے اور 2022 میں 27 سال کی عمر میں رائیڈ کے کم عمر ترین میئر بنے تھے۔

جارڈن لین نے مارچ 2027 میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی الوداعی تقریر میں کہا کہ سیاست نے ان کی زندگی پر اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم عوام کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز رہا ہے۔

انہوں نے محبت اور سیاست کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں انسان کے اندر شدید جذبے کے ساتھ موجود ہوتے ہیں اور اکثر بظاہر منطقی نہیں لگتے۔

لین نے رائیڈ کی نشست کے لیے مقامی کونسلر جسٹن لی کو اپنا پسندیدہ جانشین بھی نامزد کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اس سے قبل دسمبر 2017 میں وفاقی رکن پارلیمنٹ ٹم ولسن نے ایوانِ نمائندگان میں ہم جنس شادی سے متعلق قانون سازی پر بحث کے دوران اپنے ساتھی ریان پیٹرک بولگر کو شادی کی پیشکش کی تھی، جسے بھی ہینسارڈ کے ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔