بظاہر صحت مند پاکستانیوں میں بھی دل کی بیماری کا شدید خطرہ
دو ہزار افراد میں 78 فیصد موٹاپے، 33 فیصد ہائی بلڈ پریشر اور 22 فیصد ذیابیطس کے شکار، 26 فیصد کی شریانوں میں کیلشیم
پاک صحت تحقیق: بظاہر صحت مند پاکستانیوں میں بھی دل کی بیماری کا شدید خطرہ
اسلام آباد: پاکستان میں دل کی بیماریوں کے اسباب اور بچاؤ سے متعلق پہلی بڑی تحقیق “پاک صحت” کے ابتدائی نتائج کے مطابق بظاہر صحت مند اور بغیر کسی علامت کے پاکستانیوں کی بڑی تعداد دل کے امراض کے سنگین خطرات سے دوچار ہے۔
نتائج ہفتے کو اسلام آباد میں 55ویں کارڈیو کون کانفرنس میں پیش کیے گئے۔ تحقیق میں شامل دو ہزار افراد میں سے 78 فیصد موٹاپے، 33 فیصد ہائی بلڈ پریشر اور 22 فیصد ذیابیطس میں مبتلا پائے گئے، جبکہ 23 فیصد ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت کا شکار تھے۔ موٹاپا 81 فیصد خواتین اور 74 فیصد مردوں میں پایا گیا، جس کا تعین ایشیائی آبادی کے لیے مقررہ بی ایم آئی کی حد 25 کے مطابق کیا گیا۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر بشیر حنیف نے بتایا کہ 26 فیصد افراد کی شریانوں میں کیلشیم پایا گیا، جو دل کی بیماری کے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ 68 فیصد میں اچھے کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کم تھی، جبکہ 32 فیصد کے خاندان میں کم عمری میں دل کی شریانوں کی بیماری کی تاریخ موجود تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ شرکا بظاہر صحت مند تھے، مگر جدید ٹیسٹوں سے خطرات سامنے آئے۔ عام طبی معائنے سے خطرے کا درست اندازہ بعض اوقات ممکن نہیں ہوتا۔
تحقیق میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آٹھ مراکز سے 35 سے 60 سال کے مرد اور 35 سے 65 سال کی خواتین شامل ہیں، جن کی اوسط عمر 39 سال ہے۔ شرکا کے خون کے ٹیسٹ، گردن کی شریانوں کا الٹراساؤنڈ اور دل کی سی ٹی انجیوگرافی کی جارہی ہے اور آئندہ پانچ سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا جائے گا۔
شریک سربراہ ڈاکٹر خرم ناصر (ہیوسٹن میتھوڈسٹ اسپتال، امریکہ) نے کہا کہ عالمی تحقیقات میں جنوبی ایشیائی آبادی کو مناسب نمائندگی نہیں ملی۔ ان کے مطابق ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 35 سال یا زائد عمر کے مردوں پر خصوصی توجہ درکار ہے۔ جسمانی سرگرمی کی کمی، موروثی اور ماحولیاتی عوامل ممکنہ وجوہات ہوسکتے ہیں، تاہم حتمی نتائج تحقیق مکمل ہونے پر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں میں دل کی بیماری دیگر آبادیوں سے تقریباً 10 سے 15 سال پہلے شروع ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
گیٹز فارما کے شعبہ صحت عامہ کے سربراہ کاشف امین نے کہا کہ پاکستان میں دل کی بیماریاں خاموشی سے انسانی جانیں لے رہی ہیں، جبکہ بچاؤ کی رہنما ہدایات اور خطرات جانچنے کے ماڈلز اب تک مغربی ممالک کے ڈیٹا پر مبنی رہے ہیں، اس لیے بچاؤ کی ابتدا ملک کے اپنے ڈیٹا سے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گیٹز فارما کا عزم صرف ادویات کی فراہمی تک محدود نہیں، بلکہ بیماری کے آخری مراحل میں علاج کے بجائے ابتدائی سطح پر بچاؤ کی جانب منتقل ہونا ہے، اور پاک صحت (PAK-SEHAT)، جو ایک کثیر مراکزی مستقبل بیں (پراسپیکٹیو) تحقیق ہے، اس کوشش کے مرکز میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق دل کی شریانوں کی ان بیماریوں کو سامنے لا رہی ہے جن کی ابھی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، اور یہ بھی واضح کر رہی ہے کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول کی خرابی اور طرز زندگی کے عوامل ایک دوسرے پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے اسے پاکستان کے نوجوانوں، کام کرنے والی آبادی اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے ایک قومی خاکہ (بلیو پرنٹ) قرار دیا۔