بنگلا دیش کا بھارت پر فسادات بھڑکانے کا الزام، شرپسندوں کو بھارتی پراکسی قرار دیدیا
سفارتی کشیدگی میں اضافہ، محمد یونس کے آبائی گھر پر حملہ، بھارتی مداخلت کا الزام سامنے آ گیا
بنگلا دیش کا بھارت پر فسادات بھڑکانے کا الزام، شرپسندوں کو بھارتی پراکسی قرار دیدیا
ڈھاکہ: بنگلا دیش نے بھارت پر ملک میں فسادات بھڑکانے کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے شرپسندوں کو بھارتی پراکسی قرار دے دیا ہے۔ مودی حکومت کی ناکام سفارت کاری اور بیرون ملک مداخلت کے باعث دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی جریدے الجزیرہ کے مطابق بنگلا دیش کے سابق عبوری سربراہ اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے آبائی گھر کو چٹاگانگ میں نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ بھارتی جریدے ویون (WION) کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی قیادت نے ملک میں تشدد اور بدامنی کی پشت پناہی کا براہ راست ذمہ دار سرحد پار ملک کو ٹھہرایا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹس اور پولیس بیانات کے مطابق عوامی لیگ کے ورکرز کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی سے قبل ملک میں افراتفری پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔ بنگلا دیشی جریدے ڈیلی اسٹار کے مطابق بنگلا دیشی پارٹی این سی پی کے سینئر رہنما نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت عوامی لیگ اور چھاترا لیگ کو بنگلا دیش کے خلاف پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
بین الاقوامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 2 سال قبل بھارتی حمایت یافتہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے اور ان کے بھارت فرار کے بعد سے دوطرفہ تعلقات مسلسل خراب ہو رہے ہیں۔ بنگلا دیش میں موجودہ کشیدگی اور بھارتی پراکسی کردار کے تناظر میں مودی کی علاقائی پالیسی عالمی سطح پر شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔