ایرانی فوج حیرت انگیز ہتھیار تیار کر چکی ہے، پاسدارانِ انقلاب
اہم پیش رفت، میزائل سٹی کا دورہ، 2 میزائل بیک وقت فائر کرنے والے لانچر کی نمائش کی گئی۔
ایرانی فوج حیرت انگیز ہتھیار تیار کر چکی ہے، پاسدارانِ انقلاب
تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل موسوی نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ مسلط کی گئی دونوں جنگوں کے دوران ملکی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف اور ایرو اسپیس کمانڈر نے نئے میزائل سٹی کا دورہ کیا، جہاں دفاعی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران ایک تقریب میں 2 میزائل ایک ساتھ فائر کرنے والے جدید لانچر کی بھی نمائش کی گئی، جو ملکی دفاعی صنعت کی بڑی کامیابی ہے۔ جنرل موسوی نے زور دے کر کہا کہ ہماری فوج حیرت انگیز اور مؤثر صلاحیتوں کے حامل جدید ہتھیار اور آلات تیار کر چکی ہے، جو دشمن کو روکنے اور اسے فیصلہ کُن شکست دینے کی مکمل طاقت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی طاقت کے استعمال اور کسی بھی قسم کے خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں ہرگز کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی، اور مسلح افواج ہر وقت مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لیبیا کے شہر بنغازی کے بحری اڈے پر واقع اسلحہ ڈپو میں ایک زوردار دھماکہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔