آسٹریلیا اور انگلینڈ سیریز، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کمنٹری پینل سے آف ایئر
اہم پیش رفت، نشریاتی ادارے نے تصدیق کر دی، دونوں کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا،
آسٹریلیا اور انگلینڈ سیریز، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کمنٹری پینل سے آف ایئر
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری کرکٹ سیریز کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں معروف کھلاڑیوں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو کمنٹری پینل سے آف ایئر کر دیا گیا ہے۔ نشریاتی ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو کرولی نے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو آف ایئر کرنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
نشریات کے ذمہ داران کے مطابق حالیہ واقعات کے تناظر میں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو آئندہ چند ہفتوں کے لیے نشریات سے آرام دیا جائے گا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کمنٹری ٹیم کے تمام ارکان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور مختلف آرا کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سٹیو کرولی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کمنٹیٹرز پر ہر نئے تبصرے کا جواب دینے کے لیے شدید دباؤ ہے، لہٰذا دونوں کمنٹیٹرز کو ایسی غیر ضروری صورتحال میں رکھنا غیر منصفانہ سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ناظرین کو آسٹریلیا کے کرکٹ سیزن کی بہترین کوریج فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ نشریاتی ادارے کے اس فیصلے کے بعد عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے یہ انکشاف کیا تھا کہ اس اسکینڈل کے بارے میں تمام ٹیم کو علم تھا۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وڈ نے عثمان خواجہ کے اس دعوے کی سختی سے نفی کی تھی، جس کے بعد سے کرکٹ کے حلقوں میں چہگوئیاں جاری تھیں۔