یہ پہلا ریفرنڈم ہوگا، جو پارلیمنٹ سے آئے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی
ریفرنڈم کوئی ایسی گرہ نہیں جو عدالتوں سے کھلنی ہے، ملک احمد خان
فائل فوٹو
لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پچھلے 2 ریفرنڈم دور آمریت کے ہیں، یہ پہلا ریفرنڈم ہوگا، جو پارلیمنٹ سے آئے گا۔
ایک بیان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ریفرنڈم کےلیے پارلیمنٹ ہی وہ واحد فورم ہے، جہاں کھل کر بات ہونی چاہیے، ریفرنڈم کوئی ایسی گرہ نہیں جو عدالتوں سے کھلنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی تشریح کی ضرورت ہے، تو وہ آئینی عدالت سے ہوگی، آئین میں یہ لکھا ہوا ہے کہ ریفرنڈم کیسے ہونا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو بحث کرنی چاہیے، عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا 2 الگ معاملات ہیں ۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئین میں نہیں لکھا کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی پر عوامی رائے نہیں لی جا سکتی، بتایا جائے کہ 2012ء میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئیں؟
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں مخالفت کی بنیاد کیا ہے؟