حوثیوں نے جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا: سعودی اتحاد

سعودی اتحادی افواج کا شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر سخت فوجی ردعمل کا انتباہ

November 26, 2026 · بام دنیا

حوثیوں نے جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا: سعودی اتحاد

یمن کے حوثی گروپ نے جمعرات کو سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے، سعودی عرب کی حمایت یافتہ اتحادی افواج نے حملے کی تصدیق کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جازان کی آئل ریفائنری حوثی باغیوں کے حملے کی زد میں آئی ہے۔

ترجمان نے حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں، ممکنہ جانی نقصان یا ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ترکی المالکی نے خبردار کیا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا فیصلہ کن فوجی جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے جازان میں ممکنہ خطرے سے متعلق مختصر وقت کے لیے انتباہ بھی جاری کیا تھا۔

یہ حملہ حوثی باغیوں اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ہوا ہے، جبکہ سعودی ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔