کرکٹ آسٹریلیا کا 2018 کے سینڈ پیپر سکینڈل پر آزاد انکوائری فورم بنانے کا اعلان

اہم پیش رفت، آزاد بیرسٹر کو ذمہ داری سونپ دی گئی، انکوائری کا مقصد سزا دینا نہیں ہوگا

November 27, 2026 · اسپورٹس
کرکٹ آسٹریلیا کا 2018 کے سینڈ پیپر سکینڈل پر آزاد انکوائری فورم بنانے کا اعلان

کرکٹ آسٹریلیا کا 2018 کے سینڈ پیپر سکینڈل پر آزاد انکوائری فورم بنانے کا اعلان

کرکٹ آسٹریلیا نے سال 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے سینڈ پیپر سکینڈل پر ایک بار پھر غور کرتے ہوئے اہم نوعیت کا اعلان کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اس انڈیپنڈنٹ فورم کی سربراہی آزاد بیرسٹر فیونا میکلیوڈ کریں گی، جنہیں حساس نوعیت کی تحقیقات اور قومی اہمیت کے معاملات میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔

دستاویزات اور جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فورم میں 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں شامل تمام آسٹریلوی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس وقت کے کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداروں سمیت بورڈ ڈائریکٹرز بھی اپنا مؤقف پیش کرسکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی اور کسی کو بھی شرکت پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ شرکا ذاتی طور پر آن لائن یا تحریری بیانات اور متعلقہ دستاویزات کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرنے کے مجاز ہوں گے۔

یہ انڈیپنڈنٹ فورم کل 6 ہفتوں تک فعال رہے گا اور اس دوران فراہم کی جانے والی تمام معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا، الا یہ کہ متعلقہ شرکا اس کے برعکس اجازت دیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس تحقیقاتی عمل کے نتیجے میں ماضی کے واقعات پر کسی کے خلاف کوئی نئی پابندی یا سزا عائد نہیں کی جائے گی۔ آزاد بیرسٹر کی تیار کردہ رپورٹ اور سفارشات کو مکمل طور پر شائع کیا جائے گا، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا بورڈ رپورٹ موصول ہونے کے 30 روز کے اندر اپنی سفارشات پر ردعمل اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیونا میکلیوڈ کی سربراہی میں قائم یہ فورم تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرے گا جہاں وہ بلا جھجھک اپنا مؤقف پیش کر سکیں گے۔ ڈیوڈ بون کے مطابق یہ فورم کرکٹ آسٹریلیا کے لیے ماضی کے واقعات کو بہتر طور پر سمجھنے، متعلقہ افراد کا مؤقف سننے اور گذشته غلطیوں سے سبق سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رپورٹ اور سفارشات کی مکمل اشاعت شفافیت کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ اس فورم کا بنیادی مقصد کسی کو سزا دینا یا بلاجواز مورد الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ حقیقت تک پہنچنا ہے۔