ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جا سکتا ہے، بیرسٹر عقیل ملک

آئینی طریقہ کار ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے شامل کیا تھا، نفاذ پر مشاورت جاری ہوگی۔

November 27, 2026 · قومی
ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جا سکتا ہے، بیرسٹر عقیل ملک

ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جا سکتا ہے، بیرسٹر عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے معاملے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنے تک تمام باتیں محض مفروضے ہیں، تاہم آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جا سکتا ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے پروگرام “ٹونائٹ ود ثمر عباس” میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریفرنڈم ایک آئینی طریقہ کار ہے جسے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے خود آئین کا حصہ بنایا تھا اور عوام کی رائے لینے کے لیے یہ بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کا طریقہ کار تبدیل کر کے الیکٹرانک طریقہ کار بھی اپنایا جا سکتا ہے۔

صوبوں کی تقسیم سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں صوبوں سے متعلق بیان پر انہیں سخت تعجب ہوا ہے۔ جنوبی پنجاب سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قرارداد کی مدت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔ ن لیگ مناسب وقت پر صوبوں سے متعلق اپنی پالیسی کا باضابطہ اعلان کرے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی عجلت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام آئینی اور جمہوری امور مفاہمت کے ذریعے طے کیے جائیں گے نہ کہ مزاحمت کے ذریعے۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے تردید کی کہ مولانا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات انتہائی افسوسناک ہیں اور موجودہ ملکی حالات میں انہیں مثبت اور تعمیراتی کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔